بنگلورو28؍جون(ایس او نیوز) ریاستی ہائی کورٹ نے آج ایک اہم اور تاریخ ساز فیصلہ بناتے ہوئے نجی تعلیمی اداروں کی طرف سے ڈونیشن کی وصول پر پابندی عائد کردی ۔ ہائی کورٹ کے جج جسٹس اروند کمار نے آج اس سلسلے میں رٹ عرضی نمبر 30739، 30839کی سماعت کرتے ہوئے نجی تعلیمی اداروں کیلئے رہنما خطوط بھی واضح کئے۔ اپنے حکم میں انہوں نے کہا کہ کوئی بھی نجی تعلیمی ادارہ ڈونیشن کی رقم وصول نہیں کرسکتا ۔ ساتھ ہی ان اداروں پر یہ پابندی ہوگی کہ اپنے کیمپس میں واضح طور پر یہ بورڈ لگائیں کہ ادارہ ڈونیشن یا عطیہ جات قبول نہیں کرتا ۔ جسٹس اروند کمار نے تعلیمی اداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ ہر سال اپنا تعلیمی کیلنڈر کی پوری تفصیلات سے آگاہ کرائیں ۔ 15؍ جنوری یا اس سے پہلے ہی تعلیمی اداروں کو اپنے نوٹس بورڈ پر اپنا مکمل ڈھانچہ شائع کرنا ہوگا۔ ہر سال 15فروری سے قبل تعلیمی ادارے کی طرف سے اپنے اسکولوں میں اساتذہ کی تعداد ، ان کی تنخواہ اور طلباء کی تعداد دیگر تمام سہولتوں کے بارے میں جانکاری ڈی ڈی پی آئی کو فراہم کرنی ہوگی۔ تعلیمی اداروں پر یہ لازمی ہوگا کہ اپنے کیمپس میں بورڈ نمایاں طور پر لگائیں کہ ادارے میں کوئی ڈونیشن نہیں لیا جاتا ۔ تعلیمی اداروں کی طرف سے توسیع کے منصوبوں اور تجاویز کے بارے میں بھی ہر سال مارچ سے قبل متعلقہ ڈی ڈی پی آئی کو بھی جانکاری مہیا کرائی ہوگی ۔